لاک ڈاؤن ! فلموں کی شوٹنگ پر پابندی ، تمام فلم پروڈیوسرس ، ڈائریکٹرس ، اداکار اور ٹیکنیشن گھر پر بیٹھے ہوئے ہیں – کورونا کے پھیلنے کے خدشہ کے تحت کوئی ایک دوسرے سے مل نہیں سکتا ۔ کوئی ایک دوسرے کے گھر نہیں جا سکتا ۔ فلم سازی کیلئے ایسے نامساعد حالات میں بھی ساؤتھ کے ایک ابھرتے فلم ساز شیشو کے ایم آر نے ایک فلم بنانے کہ منصوبہ بنایا ۔
اس فلم کو انہوں نے علاقائی زبان تیلگو کی بجائے دکنی اُردو میں بنانے کا فیصلہ کیا ۔ اس کیلئے انہوں دکنی فلموں کی معرفت سے مقبولیت حاصل کرنے والے اداکار عزیز ناصر سے رابطہ قائم کیا ۔ انہیں اس بات کے لیے راضی کیا کہ وہ اس فلم میں اداکار کی حیثیت کے ساتھ ساتھ مکالمے لکھنے کی بھی ذمہ داری لیں ۔
عزیز ناصر کے بعد اس فلم کے لیے انہوں نے دکنی کے سینئر ایکٹرز آر کے ماما ، اکبر بن تبر ، شیوا اور کے بی جانی کو بھی فلم میں اداکاری کے لئے راضی کروالیا ۔ اس کے علاوہ ٹیم میں تیلگو بگ باس کے شہرت یافتہ نوجوان اداکار علی رضا کے صوفی اور حسین رضا کو بھی فلم میں شامل کرلیا ۔
ریڈ زون کی اسٹوری لکھنے اور فلم کی کاسٹ طئے کرنے کے بعد ڈائرکٹر شیشو کے لیے فلم کی شوٹنگ سب سے بڑا چیلنج تھا ۔ فلم کی اسٹوری کے مطابق فلم کے تمام اداکار لاک ڈاؤن میں اپنے اپنے گھروں پر بیٹھے ہوئے ہیں اور انہیں تاریخ انسانی کے اس اہم واقعہ کو اپنے احساسات کے ذریعہ پیش کرنا ہے ۔ لیکن اداکاروں کی فلم بندی کے لیے کسی کیمرہ مین کی بجائے کہانی کے سینس کو خود یا اپنے کسی فرد خاندان سے شوٹ کروانا تھا اور یہ شوٹنگ کسی ایڈوانس کیمرے سے نہیں بلکہ اپنے اسمارٹ کیمرہ سے ہونی تھی ۔
ان تمام مشکلات کے باوجود اداکاروں نے اپنے ڈائرکٹر شیشو کی خواہش کے عین مطابق شوٹ کرتے ہوئے ویڈیوز فراہم کئے ، جسے ایڈیٹنگ کے بعد ریلیز کے لیے تیار کرلیا گیا ہے ۔ حال ہی میں فلم کا پرومو جاری کیا گیا ہے ۔ ریڈ زون کے ڈائریکٹر شیشو کے ایم آر کی خواہش ہے کہ اس فلم کو جون کے پہلے ہفتہ میں آن لائن ذرائع پر ریلیز کیا جائے ۔