حیدرآباد _26 دسمبر ( اردو لیکس)حیدآبادی کرکٹر محمد سراج جو سید عابد علی کے بعد دوسرے حیدرآبادی فاسٹ بولر ہیں جنھوں نے اپنے کیرئیر کے پہلے ٹسٹ کی شروعات آسٹریلیا میں کی ہے۔حال ہی میں اپنے والد سے محروم محمد سراج کو میدان میں ٹیم انڈیا کے سینئر اسپنر روی چندرن اشون نے ہندوستانی کیپ حوالے کی۔ملبورن کے کرکٹ گراونڈ پر آسٹریلیا کے خلاف یہ دوسرا ٹسٹ میچ ہے۔
اس طرح 26سالہ فاسٹ بولر ہندوستانی کیپ حاصل کرنے والے 298ویں کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ اسی میچ میں شبھمن گل 297ویں کھلاڑی بن گئے جنہوں نے بھی اپنے ٹسٹ کیرئیر کی اسی میچ سے شروعات کی۔سراج کے والد آٹو ڈرائیور تھے جن کا حال ہی میں انتقال ہوگیا،وہ عابد علی کے بعد حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے اپنے ٹسٹ کیرئیر کاآغاز آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیامیں کیا۔عابد علی نے 1966-67کی سیریز میں ایڈیلیڈ میں اپنا پہلا ٹسٹ میچ کھیلا تھا اور اب اسی نوابوں کے شہر سے تعلق رکھنے والے محمد سراج نے دسمبر 2020میں اپنے ٹسٹ کیرئیر کی شروعات بھی آسٹریلیا میں کی ہے۔