نئی دہلی: صدر جمہوریہ کے عہدے کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی امیدوار میرا کمار نے ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی سے اپنے ضمیر کی آواز پر ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہا کہ ان کی لڑائی اظہار رائے کی آزادی اور سکیولرزم کے تحفظ کے نظریے پر مبنی ہے ۔
محترمہ میرا کمار نے یہاں صحافیوں سے کہا کہ “میں آج نظریے کی لڑائی لڑ رہی ہوں۔ اور یہ وہ نظریہ ہے جو سماجی انصاف ، پریس کی آزادی اور سکیولرزم کے تحفظ پر مبنی ہے “۔
انہوں نے کہا کہ ایم پی اور ایم ایل اے صدارتی انتخابات کے لئے ووٹ دے رہے ہیں اور وہ ان سے اپنی اپیل دوہرا رہی ہیں کہ وہ اپنے ضمیر کی آواز سنیں اور اسی کی بنیاد پر ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ ووٹ ضمیر کی آواز پر ہوتا ہے تو انہیں پورا بھروسہ ہے کہ اس کا فائدہ ملک کے عوام کو ھوگا اور نتائج ملک کے مفاد میں ہو ں گے ۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ اور تمام ریاستی اسمبلیوں میں آج 14 ویں صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لئے پولنگ ہو رہی ہے ۔
صدرجمہوریہ کے لئے بی جے پی کے زیر قیادت قومی جمہوری محاذ کے امیدوار رام ناتھ کووند اور اپوزیشن جماعتوں کی امیدوار میرا کمار کے درمیان مقابلہ ہے ۔ دونوں امیدوار دلت ہیں، اسلئے یہ الیکشن سخت مقابلے کا خیال کیا جارہا ہے ۔ ووٹوں کی گنتی 20 جولائی کو صبح گیارہ بجے سے ہوگی۔ موجودہ صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی مدت کار 24 جولائی کو ختم ہورہی ہے اور نئے صدر جمہوریہ 25 جولائی سے عہدہ سنبھالیں گے ۔