انگلینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ٹیم انڈیا 2-1 سے پیچھے ہے ۔ ایسے میں اگر ٹیم انڈیا کو سیریز جیتنی ہے تو آخری دونوں ٹیسٹ جیتنے ہوں گے ۔ ویسے اس سیریز میں وراٹ کوہلی نے غضب کی بلے بازی کی ہے اور اب تک دو سنچریاں بناچکے ہیں ۔ سیریز میں اب تک وراٹ کے نام 440 رن ہیں ۔
انگلینڈ میں ایک سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملہ میں راہل دراوڑ ( 602) اور سنیل گواسکر ( 542 ) ان سے آگے ہیں ۔ ایسے میں کوہلی کا مقصد اس ریکارڈ کو توڑنا ہوگا ۔
وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ اگر کوہلی اس ریکارڈ کو توڑتے ہیں تو دراوڑ اور گواسکر کو خوشی ہوگی ۔ سہواگ نے ایک نیوز چینل سے بات چیت میں کہا کہ یہ راہل دراوڑ اور سنیل گواسکر کے ریکارڈ کیلئے کوئی بھی خطرے کی بات نہیں ہے۔ اگر کوہلی ریکارڈ توڑتے ہیں تو یہ خوشی کی بات ہے ۔ دونوں سینئروں کو بھی اتنی ہی خوشی ہوگی جتنی مجھے کرون نائر کے ٹریپل سنچری لگانے پر ہوئی تھی ۔ میں خود چاہتا ہوں کہ وہ رن بنائیں کیونکہ تبھی ٹیم انڈیا سیریز جیتنے کیلئے بھی اپنا دعوی پیش کرپائے گی۔
سہواگ نے کوہلی کی تعریف کرتے ہوئے مزید کہا کہ کوہلی نے گیند بازوں کو مدد دینے والی پچ پر 97 اور 103 رنوں کی اننگز کھیلی ، اس لئے جب انہیں اگلے دو ٹیسٹ میچوں میں بلے بازی کیلئے مددگار پچوں پر بیٹنگ کرنے کا موقع ملے گا ، تو ہم امید کرسکتے ہیں کہ وہ سنچری نہیں بلکہ ڈبل سنچری لگائیں ۔ وہ ایک سال میں پہلے ہی چھ ڈبل سنچریاں لگا چکے ہیں ، اس لئے میں امید کرتا ہوں کہ وہ ڈبل سنچری لگائیں اور ہو سکے تو ٹریپل سنچری بھی لگائیں ۔ کیونکہ یہی کامیابی ہے جو ان کے سی وی میں نہیں ہے ۔