نئی دہلی: سپر اسٹار شاہ رخ خان کو فون پر ان کی فلم ‘پٹھان’ کی نمائش کے دوران ریاست میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ پر روک لگانے کی یقین دہائی کرانے سے متعلق ٹوئٹ کرنے کے ایک دن بعد آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے پیر کے روز کہا کہ بالی ووڈ اداکار نے پیغام بھیج کر ان سے فون کال کرنے کی گزارش کی تھی۔
پریس کانفرنس سے پیر کے روز خطاب کرتے ہوئے آسام کے وزیر اعلیٰ نے کہا ”شاہ رخ نے اپنے تعارف کے ساتھ ایک پیغام بھیجا تھا اور کہا تھا کہ وہ مجھے سے بات کرنے کے خواہشمند ہیں۔”
ہیمنت بسوا سرما نے کہا ”ہفتہ کی شام 7 بج کر 15 منٹ پر شاہ رخ خان کا ٹیکسٹ میسیل موصول ہوا۔ انہون نے اپنا تعارف دیا – میں شاہ رخ خان ہوں، آپ سے بات کرنا چاہتا ہوں۔ دوران میرے پاس وقت نہیں تھا۔ میں نے انہیں واپس ٹیکسٹ میسیج بھیجا کہ اور رات کے دو بجے فون کیا۔”
انہوں نے مزید کہا ”انہوں نے اپنا تعارف کرایا، مجھے نہیں پتہ تھا کہ وہ کون تھے؟ میں امیتابھ بچن، دھرمیندر کو جانتا ہوں، میں نے 2001 کے بعد زیادہ فلمیں نہیں دیکھی ہیں۔ بعد میں رات دو بجے ہماری بات ہوئی۔ میں نے ان سے کہا کہ کوئی گڑبڑی نہیں ہوگی۔”
خیال رہے کہ اتوار کے روز آسام کے وزیر اعلیٰ سرما نے کہا تھا کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان سے دیر رات گئے ان سے بات ہوئی۔ فلم پٹھان کی نمائش کے خلاف گوہاٹی میں ہندووادی تنظیم کے احتجاج کی خبروں پر انہوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ سرما نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا ”بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے مجھے فون کیا اور ہم نے آج صبح 2 بجے بات کی۔ انہوں نے اپنی فلم کی اسکریننگ کے دوران گوہاٹی میں ایک واقعہ پر فکرمندی کا اظہار کیا۔ میں نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ نظم و نسق کی صورت حال کو برقرار رکھنا ہمارا فرض ہے۔ ہم یقینی بنائیں گے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔”