خلیج کے ایک ملک میں طلاق کے حوالے سے ایک منفرد واقعہہ منظرعام پرآیا ہے۔شوہر نے بیوی کی جانب سے پٹائی پر طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
خلیجی چینل روتانا کے معروف پروگرام یاھلا میں واعی فلاحی انجمن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حمید الشایحی نے خلیجی ملک میں پیش آنے والے اس واقعہ کی تفصیلات بیان کی ہیں۔
ڈاکٹر الشایحی نے بتایا کہ ’خلیجی ملک میں ایک شخص نے عدالت میں اس بنیاد پر بیوی سے علیحدگی کے لیے درخواست کی کہ وہ اس کی پٹائی کرتی ہے۔‘
عدالت کے جج نے اس شخص کی بیوی کو عدالت میں طلب کیا۔ جج نے یہ دیکھ کر کہ بیوی اپنے شوہر سے قد اور ڈیل ڈول میں زیادہ مضبوط ہے، شوہرکی درخواست منظور کرلی۔
ڈاکٹر حمید الشایحی نے بتایا کہ ’کچھ روز بعد شوہر نے عدالت سے پھر رجوع کیا اور جج سے درخواست کی کہ وہ اپنی بیوی کے پاس واپس لوٹنا چاہتا ہے اور اسے دوبارہ اپنے نکاح میں لینے کا خواہشمند ہے۔‘
جج درخواست میں مطالبہ سن کر حیران رہ گیا اور دریافت کیا کہ تم نے بیوی کی پٹائی سے بچنے کے لیے طلاق کا مطالبہ کیا، اب کیوں اسے دوبارہ اپنے نکاح میں لینا چاہتے ہو۔
شوہر نے عدالت میں کہا کہ ’مجھے اپنی بیوی سے مارکھانا یاد آ رہا ہے‘۔