ایران جنگ کی وجہ سے پاکستان میں سیاسی و معاشی خدشات سے لے کر میدان جنگ کی صورت حال کا احوال۔
ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جنگ چوتھے روز بھی جاری ہے۔ امریکہ نے اسے ’آپریشن ایپک فیوری‘ جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کو ’وعدہ صادق 4‘ کا نام دیا ہے۔
ایرانی حملوں سے اسرائیل میں کم از کم 10 اموات ہوچکی ہیں جبکہ چھ امریکی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔
ایران میں جنگ کے تیسرے روز 101 اموات ہوئیں، جن میں ’85 عام شہری اور 11 فوجی اہلکار شامل ہیں۔
جنگ کے پہلے دن کا احوال — دوسرے دن کا احوال — تیسرے دن کا احوال یہاں کلک کریں
رات 10 بج کر 05 منٹ: امریکہ اور اسرائیل کے حملے جاری رہے تو مشرقِ وسطیٰ میں ’تمام اقتصادی مراکز‘ کو نشانہ بنائں گے: پاسداران انقلاب
ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک جنرل نے منگل کو خبردار کیا کہ اگر امریکہ اور اسرائیل کے حملے جاری رہے تو ایران مشرقِ وسطیٰ میں ’تمام اقتصادی مراکز‘ کو نشانہ بنائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایرانی میڈیا اسنا کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ پاسداران انقلاب کے جنرل ابراہیم جبار نے کہا کہ ’ہم دشمن سے کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ ہمارے اہم مراکز کو نشانہ بنانے کا فیصلہ کرتا ہے تو ہم خطے کے تمام اقتصادی مراکز کو نشانہ بنائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’ہم نے آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے۔ اس وقت تیل کی قیمت 80 ڈالر سے اوپر ہے اور جلد ہی 200 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔‘
رات 10 بجے: برطانوی وزیر اعظم کا ڈرون شکن ہیلی کاپٹر اور وارشپ سائپرس بھیجنے کا اعلان
وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے منگل کو کہا ہے کہ برطانیہ ’ڈرونز کا مقابلہ کرنے والے ہیلی کاپٹر‘ اور ایچ ایم ایس ڈریگن وار شپ کو سائپرس بھیج رہا ہے۔
برطانوی وزیر اعظم نے ایکس پر لکھا کہ ’برطانیہ سائپرس کی سکیورٹی اور وہاں تعینات برطانوی فوجی اہلکاروں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے ابھی سائپرس کے صدر سے بات کی ہے تاکہ انہیں آگاہ کر سکوں کہ ہم ڈرون شکن صلاحیتوں سے لیس ہیلی کاپٹر بھیج رہے ہیں اور ایچ ایم ایس ڈریگن کو بھی خطے میں تعینات کیا جا رہا ہے۔‘
کیئر سٹارمر نے کہا کہ لندن ’ہمیشہ برطانیہ اور اپنے اتحادیوں کے مفاد میں اقدام کرے گا۔‘