انقرہ: ترکیہ کےصدر رجب طیب اِردوان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران فلسطینیوں کے لیے مقدس مقامات کو بند کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان نے صہیونی ریاست کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ماہ مقدس میں فلسطینیوں کو مقدس مقامات پر جانے سے روکا گیا یا ان مقامات کو بند کیا گیا تو اس پر سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیزیوں کو روکنے کے لیے ہم متعلقہ لوگوں کو اپنے پیغامات واضح پہنچا چکے ہیں۔
صدر اِردوان کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ خود اسرائیلی آباد کار ہیں۔ انہوں نے انتہا پسند اسرائیلی سیاست دانوں کے فلسطینیوں کی مسجد اقصیٰ سمیت دیگر مقدس مقامات تک رسائی کو محدود کرنے یا روکنے کے مطالبے کو شرپسندی قرار دیا۔