لکھنؤ : وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دیوالی سے قبل ریاست کی سڑکوں کو گڑھے سے پاک کرنے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت دی ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی ہدایات دی ہے کہ اگر نئی سڑک پانچ برس کے اندر خراب ہو جائے تو تعمیراتی ایجنسی اسے دوبارہ تعمیر کرے۔پیر کو مختلف محکموں کے ساتھ میٹنگ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس برس مانسون کی صورتحال غیر معمولی ہے۔ آنے والے دنوں میں کئی اضلاع میں مسلسل بارش کا امکان ہے۔
اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے نومبر میں دیوالی سے قبل ریاست بھر میں سڑکوں کو گڑھے سے پاک کرنے کی مہم چلائی جانی چاہئے۔ جہاں بارش کے حالات ہوں وہاں پتھر لگا کر اور رولر چلا کر ٹریفک کو آسان بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں محکمہ تعمیرات عامہ، این ایچ اے آئی، منڈی پریشد، آبپاشی، دیہی ترقی اور پنچایتی راج، شوگر انڈسٹری ،گنے کی ترقی، ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی وغیرہ جیسے محکموں کی تقریباً 04 لاکھ کلومیٹر سڑکیں ہیں۔اگر سڑکیں میٹرو، ایکسپریس وے جیسے بڑے منصوبوں کی وجہ سے خراب ہوتی ہیں تو خرابی کا ذمہ دار محکمہ کو ٹھہرایا جائے گا۔
گڑھے سے پاک محکمانہ ایکشن پلان کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ سڑکوں کے لیے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، تمام محکموں کی طرف سے بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سڑک بنانے والی ایجنسی اور ٹھیکیدار سڑک کی تعمیر کے بعد اگلے 05 برس تک اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی سنبھالیں گے۔ اس سلسلے میں شرائط و ضوابط واضح طور پر بیان کیے جائیں۔