اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے بالی وڈ میں ‘ڈریم گرل’ کے نام سے معروف اداکارہ ہیما مالنی کی سوانح عمری ممبئی میں ان کی 69 ویں سالگرہ پر ریلیز کی ہے۔
‘بیانڈ دا ڈریم گرل’ کے نام سے شائع ہونے والی یہ سوانح حیات رام کمل مکھرجی نے لکھی ہے جبکہ اس کا پیش لفظ انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے لکھا ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ ہیما مالنی بی جے پی کی رہنما اور رکن پارلیمان ہیں۔
کتاب کی ریلیز کے دوران مصنف رام کمل نے ہیما مالنی اور دیپکا پاڈوکون سے بات چیت کی۔ جب انھوں نے ہیما مالنی سے پوچھا کہ آج کی ڈریم گرل کون ہو سکتی ہے تو انھوں نے دیپکا پاڈوکون کا نام لیا تاہم اس کے ساتھ ہی یہ کہا کہ ‘میں یہ نہیں کہتی کہ آپ ڈریم گرل کا خطاب میرے نام سے جدا کر دیں‘۔
دیپکا پاڈوکون نے کہا کہ ہیما مالنی نہ صرف ان کے لیے بلکہ خواتین کی ایک پوری نسل کے لیے رول ماڈل رہی ہیں۔