احمدآباد: معروف صنعت کار اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ احمد آباد اور آئی آئی ٹی دہلی کے چے ئرمین کمار منگلم برلا نے آج کہا کہ آئی آئی ایم جیسے اعلی میعاری تعلیمی اداروں کی خود مختاری میں کسی طرح کی مداخلت نہیں ہونی چاہئے ۔مسٹر برلا نے آئی آئی ایم احمد آباد کے چے ئرمین کے طور پر اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی پہلی میٹنگ میں حصہ لینے کے بعد آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ایسے اداروں کی خودمختاری پر کسی طرح کی روک نہیں لگنی چاہئے ۔
ایسے اداروں کا اپنا ڈی این اے ہوتا ہے او ریہ اپنے طریقے سے اپنی ترقی کرتے ہیں۔ ان کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ ان کی خودمختاری ہی ہے ۔ اس سے کسی طرح کی چھیڑ چھاڑ نہیں ہونی چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ادارہ کی خود مختاری کے معاملے میں آئی آئی ایم کے سابق چے ئرمین اور انفوسس کے بانی این آر نارائن مورتی کے ماڈل پر عمل درآمد ہوتا دیکھنا پسند کریں گے ۔
وہ مسٹر نرائن مورتی کے مداح ہیں جنہوں نے ہندوستانی آئی ٹی صنعت کو بین الاقوامی سطح پر ایک معتبر مقام دلایا ہے اور اپنے پیشہ ورانہ اور ذاتی رویے سے سب کو متاثر کیا ہے ۔