پاکستانی اداکارہ عائزہ خان کا نیا ڈرامہ ’یاریاں‘ ایک ایسی کہانی پر مبنی ہے جس میں وہ ایک ایسی خاتون کا کردار نبھارہی ہیں وہ اپنی شادی شدہ زندگی سے خوش نہیں جبکہ اپنے شوہر سے محبت بھی نہیں کرتی ہیں۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے عائزہ خان نے ڈرامے کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘اس ڈرامے میں دو بہنیں ہیں، لیکن ان دونوں کی کہانی بالکل الگ ہے، ایک نے اپنی شادی شدہ زندگی کو قبول کرلیا ہے اور وہ اس میں خوش ہے، جبکہ دوسری اپنی شادی سے خوش نہیں اور دوسروں کو بھی خوش نہیں رہنے دیتی‘۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’میرا کردار ایک شخص سے بےحد محبت کرتا ہے، لیکن میری شادی کسی اور سے ہوجاتی ہے، بدقسمتی سے میرا کردار اس شادی سے خوش نہیں اور وہ اس شخص کو بھی خوش نہیں رہنے دیتی جس سے اس کی شادی ہوئی ہے‘۔
اس ڈرامے میں عائزہ خان منفی کردار نبھارہی ہیں جس کا نام ذوبی ہے اور اداکارہ کے مطابق ان کا کردار کافی خودغرض بھی دکھایا جائے گا۔
عائزہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے کردار کو اس سنجیدگی سے نبھایا ہے کہ میں کافی سین کرتے ہوئے حقیقت میں رو پڑی، جیسے ایک سین میں میری شادی کی رات دکھائی جارہی ہے اور میں اپنے آپ کو اس جگہ رکھ کر سوچتی رہی اور پھر رو پڑی، میری ٹیم نے میرے کام کی تعریف کی جس پر میں نے یہی بتایا کہ اس وقت میں نے یہی سوچا کہ اگر میری شادی دانش تیمور سے نہیں کسی اور سے ہوجاتی تو مجھے کیسا محسوس ہوتا اور یہی سوچ کر میں رونے لگی‘۔