لکھنؤ: اترپردیش گومتی نگر علاقے میں واقع بی بی ڈی یونیورسٹی میں بی بی اے کے طالب علم واسودیو ملک (19) نے اپنی ماں کی سالگرہ منانے کے ایک دن بعد خودکشی کرلی۔ جائے وقوعہ سے ایک خودکشی نوٹ بھی ملا ہے، جس میں اس نے لکھا ہے ‘آئی ایم سوری پاپا’۔ گھر والوں کے مطابق واسودیو ڈپریشن کا شکار تھا۔
پولیس کے مطابق پترکارپورم کا رہنے والا چندن ملک رائے بریلی روڈ پر اناپورنا اسپورٹس اکیڈمی چلاتا ہے۔ اہل خانہ نے بتایا کہ واسودیو کا کچھ عرصہ قبل آپریشن ہوا تھا جس کے بعد وہ ڈپریشن میں چلا گیا اور کسی سے زیادہ بات نہیں کرتا تھا۔
اتوار کو واسودیو کی ماں دیپتی کی سالگرہ تھی۔ رات 12 بجے واسودیو نے اپنی ماں کی سالگرہ کا کیک بڑے جوش و خروش سے کاٹا۔ سالگرہ کی تقریبات میں خاندان کا ہر فرد شریک تھا۔ کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ خوشی چند گھنٹوں میں ماتم میں بدل جائے گی۔
پیر کو والد چندن کام پر گئے ہوئے تھے اور ماں دیپتی چھوٹے بیٹے کے ساتھ باہر گئی ہوئی تھی۔ واسودیو گھر میں اکیلا تھا۔ شام کو جب ماں گھر واپس آئی تو دروازہ اندر سے بند پایا۔
کئی بار فون کرنے کے بعد بھی کوئی جواب نہ ملنے پر اس نے اپنے شوہر کو فون کیا۔ دروازہ کھولنے پر دیکھا کہ واسودیو نے خودکشی کر لی ہے۔
اہل خانہ نے فوری طور پر واسودیو کو اسپتال پہنچایا، لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ یہ خاندان ماں باپ اور چھوٹے بھائی دیو ملک پر مشتمل ہے، جو اس واقعے کے بعد صدمے میں ہیں۔ رونے سے ماں کا برا حال ہے۔
انسپکٹر گومتی نگر برجیش چندر تیواری نے کہا کہ خاندان نے کسی پر الزام نہیں لگایا ہے۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے رپورٹ کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔