آسام میں شہریت (ترمیمی) ایکٹ 2019 (سی اے اے) کے خلاف شدید احتجاج ہو رہا ہے اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آل آسام اسٹوڈنٹس یونین (اے اے ایس یو، آسو) اور 30 مقامی تنظیموں نے پیر کو ریاست کے مختلف حصوں بشمول گوہاٹی، بارپیٹا، لکھیم پور، نلباڑی، ڈبروگڑھ اور تیز پور میں متنازعہ قانون (سی اے اے) کی نقول نذر آتش کیں۔ اس کے علاوہ آسام میں 16 جماعتوں کی متحدہ اپوزیشن (یو او ایف اے) نے مرحلہ وار تحریک کے ایک حصے کے طور پر منگل کو ریاست گیر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو مطلع کرنے کے بعد آل آسام اسٹوڈنٹس یونین (آسو) نے ریاست میں بڑے پیمانے پر مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ اے اے ایس یو کے چیف ایڈوائزر سموجل بھٹاچاریہ نے کہا کہ ہم نے ہر ضلع میں سی اے اے کی کاپیاں جلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ منگل کو نارتھ ایسٹ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (این ای ایس او) کی جانب سے خطے کے تمام ریاستی راجدھانیوں میں سی اے اے کی کاپیاں نذر آتش کی جائیں گی۔
آسام کی 16 پارٹی یونائیٹڈ اپوزیشن فورم (یو او ایف اے) نے بھی مرحلہ وار طریقے سے دیگر ایجی ٹیشن پروگرام شروع کرنے کے علاوہ منگل کو ریاست گیر ہڑتال کا اعلان کیا۔ ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق، ایکٹ کے نفاذ کے بعد اضافی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ ریاست بھر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
ریاست کے تمام پولیس اسٹیشنوں کو الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ تقریباً تمام قصبوں میں بڑے راستوں پر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں، جہاں دسمبر 2019 میں ایکٹ کی منظوری کے دوران بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا تھا۔ آسو کے مشیر سموجل بھٹاچاریہ نے کہا، ’’ہم سی اے اے کے خلاف اپنی عدم تشدد، پرامن، جمہوری تحریک جاری رکھیں گے۔ ہم اپنی قانونی جنگ بھی جاری رکھیں گے۔‘‘