نئی دہلی، 21 دسمبر (یو این آئی) حکومت نے کہا ہے کہ ٹریفک جام سے نجات دلانے اور ایک شہر سے دوسرے شہر کی دوری کو کم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔
سڑک اور ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری نے جمعرات کو لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ میں سڑکوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پونے میں ٹریفک کا مسئلہ حل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے راجستھان کے سیکر میں ٹریفک جام سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی بھی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا ’’ہم دہلی کے ساتھ این سی آر میں 65 ہزار کروڑ روپے کے کام کر رہے ہیں۔ دہلی- دہرادون ہائی وے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔ سہارنپور سے دہرادون تک ہائی وے بنایا جارہا ہے اور دہلی سے اب محض دو گھنٹے میں دہرادون اور ڈیڑھ گھنٹے میں ہری دوار پہنچنا جاسکے گا۔