اسلام آباد، 23 جنوری (یواین آئی) اقتصادی تنگی کا سامنا کر رہے پاکستان نے ہندوستان سے تعلقات کو معمول پر لانے کیلئے اقوام متحدہ اور امریکہ سے مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ وقت میں ہندوستان کے ساتھ جنگ جیسے کشیدہ حالات نہیں ہیں، لیکن اس کے باوجود اقوام متحدہ اور امریکہ کو دونوں جوہری ہتھیار والے ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے۔
روزنامہ’ ڈان ‘کی رپورٹ کے مطابق مسٹر خان نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈاووس میں منعقد عالمی اقتصادی فورم (ڈبليوای ایف) کے اجلاس سے الگ بدھ کو بین الاقوامی میڈیا کونسل کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی۔ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اس بات کی تشویش ہے کہ ہندوستان اپنے گھریلو احتجاج ومظاہروں سے توجہ ہٹانے کے لئے سرحد پر کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا’’دو جوہری ہتھیار والے ممالک کبھی جنگ کے بارے میں نہیں سوچ سکتے لہذا اقوام متحدہ اور امریکہ کو اس سمت میں قدم اٹھانے چاہئے‘‘۔
مسٹر خان نے اقوام متحدہ کے مبصرین کو کنٹرول لائن کے قریب جانے دینے کابھی مطالبہ کیا۔
پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہندوستان کے ساتھ ان کے ملک کا تعلقات بہتر ہو جائیں گے تب دنیا کو پاکستان کی صحیح اقتصادی صلاحیت کا احساس ہوگا۔ مسٹر خان نے کہا کہ امن اور استحکام کے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا’’بدقسمتی کی بات ہے کہ ہندوستان کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہیں، لیکن جب یہ معمول پر آئیں گے تو دنیا کو پاکستان کی اسٹریٹجک اقتصادی صلاحیت کے بارے میں پتہ چلے گا‘‘۔