چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بڑی تعداد میں افغان چلغوزے “فضائی راہداری “کے ذریعے چین تک پہنچائے گئے ۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے پریس کانفرنس میں افغان چلغوزے کے حوالے سے بتایا کہ دو ہزار اٹھارہ سے چین نے افغان چلغوزے کے لیے خصوصی فضائی راہداری کا بندوبست کیا ہے ۔
اندازے کے مطابق ہر سال تین سے پانچ ہزار ٹن چلغوزے براہ راست چین تک پہنچائے گئے ہیں ،جس سے افغان عوام اور چینی صارفین دونوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
رواں سال میں افغان عبوری حکومت کی درخواست پر چین نے چلغوزے کی فضائی راہداری کو دوبارہ کھولا اور اب تک کل 1170 ٹن چلغوزے چین پہنچ چکے ہیں اور اس سے افغان عوام کو تقریبا دس کروڑ یوان حاصل ہوئے ہیں۔چاو لی جیان نے کہا کہ اگلے مرحلے میں افغانستان کی اقتصادی تعمیر نو میں مدد کے لیے چین ، زعفران سمیت مخصوص افغان زرعی مصنوعات کی چین تک برآمدات کو فروغ دے گا۔