دہشتگرد صیہونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی ایک اور خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔ اسرائیل کے فضائی حملے میں ایک لبنانی شہری شہید ہو گیا ہے۔ میڈیا ذرائع نے آج (بدھ) کو اطلاع دی ہے کہ صیہونی حکومت نے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی ایک بار پھر خلاف ورزی کرتے ہوئے جنوبی علاقوں پر حملہ کیا جس میں ایک لبنانی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر عیناتہ میں ایک عمارت کو فضائی حملے سے نشانہ بنایا۔ لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ اس عمارت پر حملے میں ایک لبنانی شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے “بیت لیو” نامی بستی پر ڈرون حملہ بھی کیا۔ یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب صیہونی ذرائع ابلاغ نے آج صبح دعویٰ کیا تھا کہ اس کی افواج نے لبنان سے انخلاء شروع کر دیا ہے۔