لکھنؤ: لوک سبھا کے پہلے مرحلہ کے انتخاب کے بعد ایس پی کے قومی سکریٹری و سابق کابینہ وزیر راجیندر چودھری نے کہا کہ آج لوک سبھا علاقوں سہارنپور، کیرانہ ، مظفر نگر ، بجنور، نگینہ ، مرادآباد، رامپور اور پیلی بھیت میں ہوئی ووٹنگ میں عوام نے بی جے پی کے غلط حکمرانی کے تئیں اپنا غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی انڈیا اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں ایک ساتھ ہوکر ووٹنگ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام بڑھتی مہنگائی ، بیروزگاری ، بی جے پی کی بدعنوانی سے مایوس اور غصہ میں ہے۔ اکھلیش یادو کی رہنمائی میں سماج وادی پارٹی انڈیا اتحاد میں پسماندہ ، دلت ، اقلیتوں کو اپنا مستقبل دکھ رہاہے۔ یہاں جاری بیان میں چودھری نے کہا کہ عوام کے غم و غصہ سے آشنا بی جے پی نے پہلے کی طرح اقتدار کے غلط استعمال میں جمہوری قدم اٹھاتے ہوئے ووٹنگ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ کچھ افسران بھی اس میں بی جے پی کے ایجنٹ اور کارکنان کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
کہیں ای وی ایم خراب ہوئی تو کہیں اصل دستاویز دکھانے کے باوجود لوگوں کووٹ نہیں کرنے دیاگیا۔ کہیں پولیس نے ووٹروں کو ڈرانے ، دھمکانے کا کام کیا۔ خاص طور سے خصوصی طبقہ کے ووٹروں کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔