بھوپال:مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں کل رات دو فریقوں کے جھگڑے کے بعد پولیس نے آج صبح آٹھ لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔بھوپال کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اروند سکسینہ نے یو این آئی کو بتایا ہے کہ آج صبح آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔
یہ سب حمیدیہ ہسپتال میں گھسنے کی کوشش کررہے تھے جس کی وجہ سے انہیں حراست میں لیا گیا۔ باہر سے آئے دیگر شرپسندوں کو تلاش کیا جارہا ہے ۔کل رات گئے پرانے بھوپال علاقہ میں ایک عبادتگاہ کو لے کر دو فریق آمنے سامنے آگئے جس کے بعد مقامی حمیدیہ ہسپتال کے احاطہ میں دفعہ 144 لاگو کردی گئی ۔مسٹر سکسینہ نے بتایا ہے کہ رات گئے صورتحال قابو میں آگئی تھی۔ احتیاطاً رات کو ہی پرانے بھوپال کے کئی علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی تھی۔