نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انڈیا نے پاکستان کو 203 شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ فائنل میں انڈیا کا سامنا آسٹریلیا سے ہو گا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
انڈیا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے جس میں شبمن گل نے 102 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
273 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں تھا اور 37 کے مجموعی سکور پر نصف ٹیم واپس پویلین لوٹ چکی تھی جس کی وجہ سے پاکستان واپس میچ میں نہیں آ سکا اور 30ویں اوور میں 69 کے سکور پر ساری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی اننگز میں صرف تین کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکے جبکہ اننگز میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے بل باز روحیل نذیر تھے جنھوں نے 18 رنز بنائے اور ان کے بعد سعد خان نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد موسی نے چار، ارشد اقبال نے تین وکٹ حاصل کیں اور شاہد شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ انڈیا کے بولرز میں پورل نے چار، شیوا سنگھ اور پرتاج نے دو دو، روئے اور شرما نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کے لیے ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہ تھا اور انہیں پہلے ہی میچ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ پاکستان انڈر نائنٹین ٹیم کی ایشیا کپ سے اب تک افغانستان کے خلاف لگاتار تیسری شکست تھی تاہم اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے آئرلینڈ اور سری لنکا کو ہراکر کوارٹرفائنل میں جگہ بنائی جہاں اس نے جنوبی افریقہ کو شکست دی۔
پاکستان پانچ مرتبہ انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کا فائنل کھیل چکا ہے جن میں سے دو مرتبہ وہ فاتح رہا ہے۔
سنہ 2004 میں پاکستان نے خالد لطیف کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کو فائنل میں شکست دی تھی۔
سنہ 2006 میں اس نے سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو شکست دے کر جونیئر عالمی اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔