کانپور : فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے صاحب حیثیت لوگوں کی عدم توجہی دین سے دور ہونے کی علامت ہے۔ حج اسلام کے بنیادی اراکین میں سے ایک رکن ہے اس کا انکار کرنے والا اسلام سے خارج ہو جائے گا،افسوس کامقام یہ ہے کہ اِدھر چند برسوں سے اس اہم فریضہ کی ادائیگی کی طرف ہماری قوم میں جو عدم توجہی پائی جا رہی ہے اور بعض صوبوں میں کچھ زیادہ ہی دیکھی جا رہی ہے،
ذمہ داران کے پاس اس کی اطلاعات ہر سال پہنچ رہی ہیں، اس سال کچھ زیادہ ہی مسلم قوم کے اندر حج کے تئیں نظر اندازی دیکھنے میں آئی ہے جو قابل افسوس ہے ۔جان لیں کہ صاحب ثرورت ہونے کے باوجود ہر سال حج کو ٹالنا، حج کی ادائیگی سے منھ پھیرنا، بھاگنا، وقت رہتے فارم وغیرہ بھر کے اس کی خانہ پوری نہ کرنا، بعد میں افسوس کرنایہ سب ایمان کے کمزور ہونے کی علامات ہیں، دین سے دور ہونے کا نتیجہ ہے،
اللہ والوں کی صحبت سے بھاگنے کا سبب ہے۔ امسال حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے سال 2024 کے آن لائن فارم بھرنے کی آخری تاریخ 20 دسمبر رکھی گئی تھی اس میں فارم بھرنے والوں کی تعداد مطلوبہ تعداد سے بہت کم رہی ہے،
جس کی وجہ سے حج کمیٹی نے آن لائن فارم بھرنے کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے 15 جنوری 2024 کر دی ہے۔مذکورہ باتوں کا اظہار قاضیٔ شہر کانپور الحاج حافظ و قاری عبد القدوس ہادی کارگزار جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء اتر پردیش نے جاری ایک پریس ریلیز میں کہیں۔
انہوں مزید کہا کہ شہر کے علماء، ائمہ مساجد ، مفتیان کرام سے میری درخواست ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقہ میں 15 جنوری 2023 سے قبل تک فضائل حج پرجمعہ سے قبل و دیگر مواقع پر گفتگو ضرور فرما لیں تاکہ ہماری قوم اس کیلئے بیدار ہو جائے، اور حج جیسے فریضے کی ادائیگی کے بعد اللہ رب العزب کی طرف سے ملنے والی بشارتوں، برکتوں، رحمتوں اور نعمتوں سے فیضیاب ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہماری مسلم قوم کے صاحب حیثیت لوگ حج جیسے فریضے کی ادائیگی کیلئے وقت رہتے اس کی طرف بھرپور توجہ دیں گے اور اپنے متعلقین کو بھی اس کی طرف متوجہ کریں گے۔