کانگریس کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا، ’’آج، جب ہم نے انڈین نیشنل کانگریس کے نئے دفتر، اندرا بھون کا افتتاح، پورے ملک کے ہر کانگریس کارکن کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔
یہ عمارت صرف اینٹوں اور گارے کا ڈھانچہ نہیں ہے، بلکہ لاکھوں کانگریس کارکنوں کے خوابوں، محنت اور قربانیوں کی عکاس ہے، جنہوں نے اس عظیم پارٹی کے ذریعے ملک کی خدمت کی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’نئے سال کے آغاز کے ساتھ، ہم اس گھر میں قدم رکھتے ہیں۔ نیا دفتر موجودہ ضروریات اور مستقبل کے چیلنجز کو پورا کرنے کے لیے سوچ سمجھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ عمارت ہماری تاریخ اور اقدار میں جڑی رہ کر آگے بڑھنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اس عمارت کی تعمیر اس وقت شروع ہوئی تھی جب محترمہ سونیا گاندھی جی کانگریس کی صدر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔‘‘
کانگریس کے دفتر کا افتتاح، ملکارجن کھڑگے نے خوشی کا اظہار کیا
کانگریس کے مرکزی دفتر کے افتتاح کے بعد پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوشی کی بات یہ ہے کہ یہ دفتر اسی علاقے میں بنایا گیا ہے جہاں ہمارے عظیم رہنماؤں نے غور و خوض کیا تھا۔ کھڑگے نے کہا کہ اس دفتر کا افتتاح کانگریس پارٹی کے لیے ایک نئی سمت کی علامت ہے، جو پارٹی کی تاریخی سفر کو آگے بڑھائے گا۔
ان کا ماننا ہے کہ یہ دفتر پارٹی کے اصولوں اور نظریات کی نمائندگی کرتا ہے اور یہ پارٹی کی نئی توانائی اور عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
’موہن بھاگوت نے آئین پر حملہ بولا، جو تحریک آزادی کا ثمر ہے‘، راہل گاندھی
کانگریس کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے تمام پارٹی لیڈران کو مبارک پیش کرتے ہوئے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر حملہ بولا۔
راہل گاندھی نے کہا، ’’ہم اپنے نئے ہیڈکوارٹر کا افتتاح ایک بہت اہم وقت پر کر رہے ہیں۔ یہ بہت علامتی ہے کہ کل، ایک تقریر میں، آر ایس ایس کے سربراہ نے کہا کہ ہندوستان نے 1947 میں حقیقی آزادی حاصل نہیں کی، بلکہ جب رام مندر بنایا گیا تب آزادی حاصل ہوئی۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’یہ عمارت معمولی نہیں ہے۔ یہ ہمارے ملک کی مٹی سے نکلی ہے اور یہ لاکھوں لوگوں کی محنت اور قربانی کا نتیجہ ہے۔ تحریک آزادی کا ثمر ہمارا آئین ہے، جس پر کل موہن بھاگوت نے یہ کہہ کر حملہ بولا کہ آئین ہماری آزادی کی علامت نہیں ہے۔ یہ پارٹی ہمیشہ ایک خصوصی اقدار کے لیے کھڑی رہی ہے اور ہم ان اقدار کو اس عمارت میں ظاہر ہوتا دیکھ سکتے ہیں۔‘‘
دفتر کی ڈیزائننگ میں پرینکا گاندھی کا اہم کردار
کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے نئے دفتر کے ڈیزائن، رنگ و روغن اور فرنیچر کے انتخاب میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ خواتین کانگریس اور یوتھ کانگریس کے دفاتر بھی جلد یہاں منتقل ہوں گے۔
نیا دفتر کانگریس کے 140 سالہ شاندار تاریخ کو نمایاں کرتا ہے
کانگریس نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں دفتر کی دیواروں کو سچائی، عدم تشدد، قربانی اور وطن پرستی کی کہانیاں بیان کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
’اندرا گاندھی بھون’ کا نیا دفتر کانگریس کے بڑھتے ہوئے تقاضوں کو پورا کرے گا
کانگریس کا نیا دفتر ’اندرا گاندھی بھون‘ 9 اے، کوٹلہ روڈ، نئی دہلی میں واقع ہے۔ یہ دفتر بی جے پی کے مرکزی دفتر سے تقریباً 500 میٹر دور ہے اور جدید سہولتوں سے مزین ہے۔
سونیا گاندھی نے کانگریس کے نئے دفتر کا افتتاح کیا
کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے آج پارٹی کے نئے مرکزی دفتر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔