نئی دہلی:محکمہ انکم ٹیکس نے راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو سے منسلک مبینہ بے نامی جائیداد کے سلسلے میں دہلی اور قومی راجدھانی خطہ کے گروگرام میں 22 ٹھکانوں پر چھاپے مارے ہیں۔ محکمہ نے آج صبح قریب آٹھ بجے سے ہی یہ چھاپے کی کارروائی شروع کی۔
یہ چھاپے ایک ہزار کروڑ روپے کی مبینہ بے نامی جائیداد کی خرید و فروخت کے سلسلے میں مارے گئے ہیں۔ بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے گزشتہ ہفتے اس مبینہ خرید و فروخت کی جانچ کرانے کی مانگ کی تھی۔ ان کا الزام ہے کہ مسٹر یادو کی بیٹی میسا بھارتی نے راجیہ سبھا انتخابات میں دیئے حلف نامہ میں اس مبینہ لین دین کا ذکر نہیں کیا تھا۔ یہ خرید و فروخت اس دوران کی گئی تھی جب مسٹر یادو سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی حکومت میں ریلوے کے وزیر تھے ۔