نئی دہلی،11 فروری( یواین آئی) ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر ، بہار ، کیرالہ ، دہلی اور کرناٹک سمیت 15 ریاستوں اور مرکزکے زیر کنٹرول علاقوں میں کورونا کے ایکٹیو کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔
ریاست مہاراشٹر میں سب سے زیادہ ایک ہزار کیسز کا اضافہ ہوا ہے جبکہ بہار میں 257 ، کیرالہ میں 217 ، دہلی میں 125 اور کرناٹک میں 90 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح گوا ، ہماچل پردیش ، جموں و کشمیر ، لداخ ، میگھالیہ ، میزورم ، اڈیشہ ، پنجاب ، راجستھان اور تلنگانہ میں ایکٹیو کیسز بڑھے ہیں۔
جمعرات کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12،923 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ آٹھ لاکھ 71 ہزار 294 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران 11،764 مریض صحت مند ہوئے جس سے شفایاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ پانچ لاکھ 73 ہزار 372 ہوگئی ہے ۔