نئی دہلی ، 25 فروری (یو این آئی) دارالحکومت دہلی، مہاراشٹرا، پنجاب ، مدھیہ پردیش اور تلنگانہ سمیت ملک کی 20 ریاستوں اور مرکز کے علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے فعال معاملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 5955 معاملات کا اضافہ ہوا ہے ، جبکہ پنجاب میں 303، نئی دہلی میں 128، مدھیہ پردیش کے 119 اور تلنگانہ میں 107 معاملے بڑھےہیں۔ اسی طرح آندھرا پردیش ، آسام ، چنڈی گڑھ ، دادرا نگر حویلی دمن و دیو، گوا، ہریانہ، گجرات، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، کرناٹک، لداخ، لکشدویپ، منی پور، پڈوچیری اور راجستھان میں بھی سرگرم کیسوں میں اضافہ ہوا ہے۔
جمعرات کی صبح صحت کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا انفیکشن کے 13742 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 46 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس دوران 11799 مریض صحت مند ہوئے ، جس میں کورونا سے نجات پانے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ سات لاکھ 38 ہزار 705 ہوگئی ہے۔
فعال معاملے 4801 بڑھ گئے ہیں جس کی وجہ سے اب ان کی تعداد ایک لاکھ 51 ہزار 708 ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 138 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار 705 ہوگئی ہے۔