لاہور میں بدترین اسموگ کے باعث شہریوں میں نزلہ، زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کی شکایت میں اضافہ ہوا ہے۔صوبۂ پنجاب کے شہر لاہور اور اس کے گرد و نواح میں اسموگ کا سلسلہ جاری ہے۔
عالمی ویب سائٹ ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج بھی پہلے نمبر پر ہے۔عالمی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کی فضا میں آج بھی آلودگی کی تعداد 352 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
لاہور میں بدترین اسموگ کے باعث نزلہ، زکام، بخار اور گلے میں انفیکشن کے حوالے سے طبی ماہرین کی جانب سے ہدایت کی جا رہی ہے کہ شہری ماسک لگا کر گھر سے نکلیں۔
یاد رہے کہ اسموگ میں اضافے کے پیشِ نظر گزشتہ روز نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج اور کل (جمعے اور ہفتے کو) تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
آج اور کل مارکیٹیں سہہ پہر 3 بجےکھلیں گی، اتوار کو مارکیٹیں اور ادارے مکمل طور پر بند رہیں گے۔
دوسری جانب موٹر وے کے حکام کے مطابق چیچہ وطنی شہر اور اس کے گرد و نواح میں اسموگ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ میں کمی واقع ہوئی ہے۔