واشنگٹن/نئی دہلی : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہمیشہ سے بہت زیادہ تناؤ رہا ہے لیکن دونوں ملک اسے کسی نہ کسی طریقے سے سلجھا لیں گے۔
جب روم جاتے ہوئے ایئر فورس ون پر نامہ نگاروں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے بارے میں سوال کیا تو امریکی صدر نے کہا ’’میں ہندوستان کے بہت قریب ہوں اور میں پاکستان کے کافی قریب ہوں، جیسا کہ آپ جانتے ہیں، کشمیر میں ان کی لڑائی برسوں سے چلی آرہی ہے۔
انہوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا ذکر کیاجس پاکستان سے منسلک دہشت گردوں نے 26 سیاحوں کو مار ڈالا تھا۔
سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے بارے میں پوچھے جانے پر اور کیا وہ پریشان ہیں، امریکی صدر نے کہا ’’ٹھیک ہے، اس سرحد پر 1500 سال سے تناؤ ہے، اس لیے سمجھیں، یہ ویسا ہی ہے جیسا پہلے تھا۔ وہ اسے کسی نہ کسی طریقے سے سلجھا لیں گے، میں ان کے دونوں لیڈروں کو جانتا ہوں، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہمیشہ سے بہت زیادہ تناؤ رہا ہے۔‘‘
امریکی صدر کا یہ تبصرہ پہلگام دہشت گردانہ حملے پر جمعہ کو امریکی محکمہ خارجہ کے تبصرے کے بعد آیا ہے۔
صدر ٹرمپ اور سکریٹری روبیو نے واضح کیا ہے، امریکہ دہشت گردی کی تمام کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹمی بروس نے کہا کہ ہم ہلاک ہونے والوں کی روح کے سکون اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے دائرے میں لانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔