احمد آباد میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو اننگز اور 25 رنوں سے ہرادیا ہے ۔ انگلینڈ کی دوسری اننگز بھی ہندوستانی اسپنرس کے سامنے تاش کے پتوں کی طرح بکھرگئی ۔ پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد ٹیم انڈیا نے زبردست واپسی کی اور مسلسل تین ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز تین ایک سے اپنے نام کرلی ۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے ، جس کے فائنل میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے لارڈس کے میدان پر ہوگا ۔ یہ میچ 18 جون کو کھیلا جائے گا ۔
احمد آباد میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں شاندار پچ کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم تین ہی دن میں میچ ہار گئی ۔ ایک مرتبہ پھر انگلینڈ کو اکشر پٹیل نے گہری چوٹ پہنچائی ۔ اکشر پٹیل نے چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں چار وکٹ لینے کے بعد دوسری اننگز میں بھی پانچ وکٹ لئے ۔ آف اسپنر اشون نے بھی دوسری اننگز میں پانچ وکٹ اپنے نام کئے ۔
چوتھے ٹیسٹ میچ کے اسکور کی بات کریں تو پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 75 اوورس میں صرف 205 رن ہی بناسکی ۔ اس کے جواب میں ہندوستان نے پہلی اننگز میں 365 رن بنائے ۔ پنت نے شاندار 101 رن بنائے ، لیکن کھیل کے تیسرے دن واشنگٹن سندر اپنی سنچری پوری نہیں کرسکے اور وہ 96 رنوں پر ناٹ آوٹ رہے ۔ اکشر پٹیل نے بھی 43 رنوں کی اچھی اننگز کھیلی ۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز بھی مایوس کن رہی اور پوری ٹیم 135 رن پر ہی ڈھیر ہوگئی ۔ سلامی بلے بازی کرالی صرف پانچ رن بناکر اشون کے شکار بن گئے ۔ اس کے بعد اشون نے جانی بیرسٹو کو بھی پہلی ہی گیند پر آوٹ کردیا ۔ سبلے بھی 21 گیندوں تک ہی وکٹ پر ٹک پائے اور انہیں اکشر پٹیل نے آوٹ کیا ۔ بین اسٹوکس سے انگلینڈ کو اچھی بلے بازی کی امید تھی ، لیکن اس آل راونڈر نے ٹیم کو مایوس کیا ۔ اسٹوکس نے نو گیندوں پر دو رن بنائے ۔
آلی پوپ کو بھی اکشر پٹیل نے پنت کے ہاتھوں اسٹمپ آوٹ کرادیا ۔ انگلینڈ کو سب سے بڑا جھٹکا اشون نے دیا ، جنہوں نے کپتان جو روٹ کو 30 کے نجی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا ۔ روٹ کے آوٹ ہوتے ہی انگلینڈ نے صرف 65 رنوں پر 6 وکٹ گنوادئے ۔ بین فوکس اور ڈین لارینس نے ضرور کچھ جدوجہد کی ، لیکن اکشر پٹیل نے پہلے فوکس اور اس کے بعد بیس کو آوٹ کرکے اننگز میں اپنے پانچ وکٹ پورے کئے ۔ اس کے بعد اشون نے انگلینڈ کے جیک لیچ اور ڈین لارینس کو ایک ہی اوور میں آوٹ کرکے اپنے پانچ وکٹ پورے کئے اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان کو اننگز اور 25 رنوں سے بڑی جیت مل گئی ۔