کانگریس پارٹی نے کانگریس ورکنگ کمیٹی اور اپنی سینٹرل الیکشن اتھاریٹی میں بڑی تبدیلی کی ہے ۔ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے تنظیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے غلام نبی آزاد ، امبیکا سونی ، موتی لال ووہرا اور ملکا ارجن کھڑگے کو جنرل سکریٹری کے عہدہ سے ہٹا دیا ہے ۔ کانگریس کے بڑے رد و بدل میں 23 لیڈروں کو حاشیے پر کردیا گیا ہے ۔
سونیا گاندھی کیلئے بنائی گئی صلاح کار کمیٹی میں بھی آزاد کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ غلام نبی آزاد اور آنند شرما صرف ورکنگ کمیٹی کے رکن ہوں گے ۔ جیتن پرساد کو مغربی بنگال کا انچارج بنایا گیا ہے ۔ اس پھیر بدل میں کپل سبل کا قد بھی کم ہوگیا ہے ۔
سونیا گاندھی نے پارٹی معاملات میں اپنی مدد کیلئے ایک خاص کمیٹی تشکیل دی ہے ، جس میں اے کے انٹونی ، احمد پٹیل ، امبیکا سونی ، کے سی وینوگوپال ، مکل واسنگ اور رندیپ سرجیوالا شامل ہوں گے ۔ وہیں آشا کماری کی پنجاب سے چھٹی کردی گئی ہے ۔ ہریش راوت اب پنجاب کانگریس کے انچارج جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھالیں گے ۔
پارٹی میں رندیپ سنگھ سرجیوالا کا قد بڑھایا گیا ہے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی میں راہل گاندھی کا قد اب بھی اوپر ہے ۔ سونیا گاندھی اور منموہن سنگھ کے بعد ان کا تیسرا مقام ہے ۔ راہل گاندھی کے قریبی مدھوسودن مستری کا قد بھی بڑھا ہے ۔ وہیں اروند سنگھ لولی کا قد بھی بڑھا ہے ۔ سونیا گاندھی نے پی چدمبرم ، جتیندر سنگھ ، طارق انور اور رندیپ سرجیوالا کو سی ڈبلیو سی کا مستقل رکن بنایا ہے ۔