نئی دہلی،٢٢ نومبر (یو این آئی) ہندوستان نے پاکستان ہائی کمیشن کے انچارج کو طلب کرکے پاکستانی انتہاپسند تنظیم جیش محمد کی 19 نومبر کو جموں و کشمیر کے نگروٹا میں ناکام کئے گئے دہشت گردانہ حملے کی سازش کی سخت مخالفت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ قومی سلامتی کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گا۔
وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمیشن کے انچارج کو طلب کرکے سخت سرزنش کی۔ یہ مانگ کی گئی کہ پاکستان اپنی سرزمین سے کام کرنے والے دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کرنے کی پالیسی سے باز آجائے اور دوسرے ممالک پر حملے اور سازشیں کرنے والے دہشت گردوں کے ڈھانچے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے۔
وزارت خارجہ کی طرف سے آج یہاں جاری ایک بیان کے مطابق ہندوستان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو بین الاقوامی ذمہ داریوں اور دو طرفہ وعدوں کی پاسداری کرنی چاہئے اور اپنے قبضہ والی زمین کا ہندوستان کے خلاف استعمال کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ ہندوستان نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قومی سلامتی کے لئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔