نئی دہلی، 20 جولائی (یو این آئی) ہندوستان نے آج کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کے ذریعہ پکڑے گئے برطانوی تیل ٹینکر ’’اسٹینا امپیرو‘ کے 18 ہندوستانی اہلکاروں کی فوری رہائی کے لئے وہ ایرانی افسران سے رابطے میں ہیں۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس حادثے کے بارے میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں کہا ہے کہ ہم اس حادثے کے بارے میں زیادہ تفصیلی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تہران میں ہندوستانی مشن تیل ٹینکر کے ہندوستانی اہلکاروں میں شامل ہندوستانی اراکین کی فوری رہائی اور وطن واپسی کےلئے ایرانی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسٹین امپیرا نے آبنائے ہرمز میں ایک ایرانی مچھلی پکڑنے والی کشتی کو ٹکر ماردی تھی ا ور اس نے کشتی سے آنے والےپیغام کو نظرانداز کردیا تھا۔ بعد میں اس ٹینکر کو ایرانی بحریہ پکڑ کر بندرعباس لے گئی ہے۔ عملے کے اراکین کے 23 اہلکاروں کو حراست میں لے لیا تھا۔