ممبئی۔ کنگنا رانوت کے ممبئی پہنچنے سے پہلے ہی بی ایم ایس کے عملہ نے کنگنا کے دفتر میں توڑ پھوڑ کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ کنگنا رانوت آج دوپہر ممبئی پہنچنے والی ہیں۔ کنگنا رانوت کا یہ دفتر اسی سال جنوری میں 48 کروڑ کی قیمت سے بن کر تیار ہوا ہے جس پر اچانک ایک دن پہلے بی ایم سی افسران نے ایک نوٹس چسپاں کر دیا۔
کنگنا کو اس نوٹس کا جواب دینے کے لئے 24 گھںٹے کا وقت دیا گیا تھا اور 24 گھنٹے گزرتے ہی بی ایم سی نے توڑ پھوڑ کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسی بیچ، بی ایم سی کی اس کارروائی کے خلاف کنگنا رانوت بامبے ہائی کورٹ پہنچ گئی ہیں۔ اس معاملہ پر 12.40 بجے سماعت ہو گی۔
پچھلے دنوں ممبئی کا موازنہ پی او کے سے کرنے کے پیش نظر حکمراں پارٹی شیوسینا ان کے خلاف مظاہرہ کر رہی ہے۔ شیوسینا کی خاتون کارکنان کے مظاہرہ کے سامنے آئے ایک ویڈیو میں کنگنا کی تصویر کو چپل مارتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ ساتھ ہی شیوسینا کے اہم لیڈر سنجے راوت نے بھی کنگنا کو ممبئی نہ آنے کی صلاح دی تھی۔
کنگنا رانوت کے دفتر پر لگے نئے نوٹس میں بتایا گیا تھا کہ کنگنا رانوت کو پہلے نوٹس کے ذریعہ 24 گھنٹے کا وقت دیا گیا تھا، جس کے جواب میں انہوں نے سات دن کا وقت مانگا تھا۔
ممبئی آنے سے پہلے کنگنا نے ٹویٹ کر کے کہا کہ میرے آنے سے پہلے ہی مہاراشٹر حکومت اور اس کے غنڈے میرے آفس کے باہر پہنچ گئے ہیں اور اسے گرانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اداکارہ نے بدھ کی صبح اپنے دفتر کے باہر کی تصویر شئیر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ ” میں وعدہ کرتی ہوں کہ مہاراشٹر کے فخر کے لئے خون دینے کو تیار ہوں۔ یہ کچھ نہیں ہے، چاہے تو سب کچھ چھین سکتے ہو لیکن میرے احساسات مسلسل بلند ہوتے جائیں گے”۔