نئی دہلی، 05 ستمبر (یواین آئی) ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے 76 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثروں کی تعداد بڑھ کر سنیچر کی رات 40.96 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اوراس کے ساتھ ہی ہندوستان برازیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے مقام پر پہنچ گیا ہے۔
مختلف ریاستوں سے موصول رپورٹ کے مطابق آج دیر رات تک 76,496 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد متاثروں کی تعداد بڑھ کر 40,96,695 ہوگئی ہے۔ اس دوران 923 اور مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 70,558 ہوگئی ہے۔
دنیا میں کورونا سے متاثر ممالک میں ابھی تک دوسرے نمبر پر چل رہے برازیل میں اب تک 40,91,801 لوگ اس کی زد میں آچکے ہیں جبکہ 1,25,502 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ امریکہ کے جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اینڈ انجینئرنگ سینٹر (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق کورونا سے پوری دنیا میں اب تک 26,521,304 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 8,73,260 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
انفیکشن کے معاملے میں پہلے مقام پر واقع امریکہ میں کورونا سےمتاثر ہونے والوں کی تعداد 62 لاکھ سے زیادہ 62,10,699 ہوگئی ہے اور اب تک 187,874 لوگوں کی جان جاچکی ہے۔