کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے درمیان ملک میں ان لاکنگ کا پروسیس بھی جاری ہے ۔ اسی سلسلہ میں مرکزی حکومت نے 21 ستمبر سے جزوی طور پر اسکول کھولنے کی اجازت دیدی ہے ۔ حکومت کے حکم کے مطابق نویں جماعت سے لے کر بارہویں تک کے طلبہ کیلئے ہی اسکول کھلیں گے ۔ وزارت صحت کی گائیڈ لائنس میں کئی ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔
سرکاری حکم میں کہا گیا ہے کہ کنٹینمنٹ زون کے باہر کے ہی اسکول کھولے جائیں گے ۔ اس دوران اسکولوں میں کھیل اور دیگر پروگرام منعقد کرنا منع ہوگا ۔ کیونکہ اس دوران بڑی تعداد میں بھیڑ اکٹھا ہوسکتی ہے ۔ سرکار نے اپنے حکم میں سماجی فاصلہ کے ضوابط کو سب سے اوپر مانتے ہوئے کئی ہدایات دی گئی ہیں ۔ ساتھ ہی حکومت نے یہ بھی کہا ہے کہ ڈیسٹنس لرننگ جاری رکھی جائے گی اور اس کی حوصلہ افزائی کئے جانے کی ضرورت ہے ۔
کورونا معاملے 43.58 لاکھ سے زیادہ
ادھر ملک میں منگل کو دیر رات تک کورونا وائرس انفیکشن کے 80 ہزار سے زیادہ نئے معاملات سامنے آنے سے متاثروں کا اعداد وشمار 43.58 لاکھ سے زیادہ ہوگیا ۔ لیکن راحت کی بات یہ ہے کہ کورونا مریضوں کے صحتیاب ہونے کی شرح تقریبا 78 فیصد ہوگئی ہے۔ مختلف ریاستوں سے موصول رپورٹ کے مطابق آج 80,814 نئے معاملات سامنے آنے کےبعد متاثروں کی تعداد بڑھ کر 43,58,398 ہوگئی ہے ۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اس دوران صحتیاب لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے ۔ ملک میں 69,344 کورونا مریضوں کے صحتیاب ہونے سے انفیکشن سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 33,90,764 ہوگئی ہے۔ اسی مدت میں 1,066 کورونا مریضوں کی موت سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 73,882 ہوگئی ہے۔
انفیکشن کے معاملہ میں اب ہندوستان کوروناسے سب سے سنگین طور سے متاثر امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر آگیا ہے ۔ امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 63.04 لاکھ ہوگئی ہے اور اب تک 1,89,236 لوگوں کی جان جاچکی ہے ۔ کورونا وائرس سے متاثر ممالک میں اب تیسرے نمبر پر واقع برازیل میں اب تک41.48 لاکھ لوگ اس سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1.26 لاکھ لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ موت کے معاملے میں برازیل اب دوسرے مقام پر ہے۔
مہاراشٹر، آندھرا پردیش، کرناٹک سمیت مختلف ریاستوں سے موصول رپورٹ کے مطابق فکر کی بات یہ ہے کہ صحتیاب ہونے والے مریضوں کے مقابلے میں نئے انفیکشن سے متاثرین کے اضافہ ہونے سے سرگرم معاملوں میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ آج 9,453 مریضوں کے اضافے ہونے سے سرگرم معاملوں کی تعداد بڑھ کر 8,93,150 ہوگئی ہے۔