میلبورن: ہندوستان اس سال کے آخر میں آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹسٹ میچوں کی سیریز کے پروگرام کا اعلان ہوگیا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے بدھ کو شیڈول کا اعلان کیا۔ ہندوستان – آسٹریلیا کے درمیان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 3 دسمبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔
ٹسٹ سیریز کے پروگرام کے مطابق اس بار ٹیم انڈیا پرتھ میں کوئی سٹ میچ نہیں کھیلے گی، جہاں اسے گزشتہ دورے پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ واضح رہے کہ سال 19-2018 میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر پہلی بار شکست دی تھی۔ وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے وہ سیریز 1-2 سے جیتی تھی۔
ہندوستان – آسٹریلیا ٹسٹ سیریز کا پروگرام
کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے جاری ٹسٹ سیریز کے پروگرام کے مطابق پہلا ٹسٹ 3 دسمبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرا ٹسٹ میچ 11 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں ہوگا۔ تیسرا ٹسٹ 26 دسمبر سے میلبورن میں ہوگا۔ سیریز کا چوتھا اور آخری ٹسٹ میچ تین جنوری 2021 سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
ہندوستان کے سامنے مشکل چیلنج
ہندوستان کو ٹسٹ سیریز کا پہلا میچ برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلنا ہے، جو کہ وراٹ اینڈ کمپنی کے لئے کسی امتحان سے کم نہیں ہے۔ دراصل، آسٹریلیا اس میدان پر 1988 سے نہیں ہارا ہے۔ اس کے بعد ہندوستانی ٹیم محض دوسری بار ڈے – نائٹ ٹسٹ کھیلنے اترے گی، جو کہ ایڈیلیڈ میں ہوگا۔ ہندوستان نے گلابی گیند سے محض ایک ٹسٹ میچ کھیلا ہے،وہ بھی بنگلہ دیش کے خلاف۔
وہیں آسٹریلیا کی ٹیم کو 8 ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے کا تجربہ ہے۔ اسے اب تک ایک بھی میچ میں شکست نہیں ملی ہے۔ آسٹریلیا نے 7 ڈے- نائٹ ٹسٹ جیتے ہیں اور ایک ڈرا بھی رہا ہے۔ ایسے میں سیریز کے پہلے دو ٹسٹ میچ ہی ہندوستان کے لئے سخت امتحان کی طرح ہیں۔ اگر ان دونوں میچ کا نتیجہ ہندوستان کے حق میں نہیں جائے گا تو اس کے ہاتھ سے سیریز جیتنے کا موقع نکل سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے اپنا پہلا ڈے نائیٹ ٹیسٹ گزشتہ سال کولکاتا کے ایڈن گارڈن میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا اور جیت حاصل کی تھی۔ چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹسٹ برسبین میں ہو سکتا ہے جہاں میزبان ٹیم 1988 کے بعد ہاری نہیں ہے۔