نئی دہلی:ہندوستان نے ایران پر اس کے نیوکلیائی پروگرام کے سلسلے میں عائد پابندی ہٹائے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کا ارادہ بھی ظاہر کیا ہے ۔وزارت خارجہ نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان نیوکلیائی پروگرام کے تعلق سے ایران پر عائد بین الاقوامی پابندی ہٹائے جانے کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے ۔بیان میں اس قدم کو ایران کی صبرو تحمل پر مبنی سفارت کاری کو اہم کامیابی بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے امن اور خوش حالی کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ہندوستان نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ طویل عرصہ سے جاری توانائی وعلاقائی ٹرانسپورٹ رابطہ سمیت یکساں طور پر فائدے مند معاشی تعاون کے مزید وسیع اور مضبوط ہونے کی امید کرتا ہے ۔ ایران کے ذریعہ دنیا کے چھ طاقتور ملکوں کے ساتھ معاہدے کے مطابق اپنے نیوکلیائی پروگراموں میں کمی کر نے کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ کی جانب سے ایران کے خلاف عائد تمام بین الاقوامی پابندیاں 16جنوری کو ہٹالی گئی ہیں۔اقوامی متحدہ کے جنرل سکریٹری بان کی مون نے ایران کے نیوکلیائی معاہدے پر عمل درآمدکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ظاہر کرتی ہے کہ بین الاقوامی نیکلیائی توسیع کی فکرمندیوں کو بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعہ بہتر طریقے سے کم کیا جاسکتا ہے ۔