سری نگر : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں انڈین ائر فورس کا ایک جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ انڈین ائر فورس کا ایک جنگی طیارہ ضلع بڈگام کے گریند کلان نامی گاﺅں میں ایک کھلے میدان میں گر کر تباہ ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
تاہم ایک رپورٹ کے مطابق واقعہ میں طیارے کے دو پائلٹوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس اور بچاﺅ ٹیمیں جگہ حادثہ پر پہنچ چکی ہیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ جنگی طیارہ ایک کھلے میدان میں گر گیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ طیارہ کے زمین پر گرنے کے ساتھ ہی ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
24 اگست 2015 ءکو اسی ضلع کے سویہ بگ علاقہ میں ائر فورس کا ایک ایم آئی جی 21 جنگی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا ۔ تاہم طیارے کا پائلٹ بحفاظت بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔
سال 2014 کے مئی میں میں ایک ایم آئی جی 21 طیارہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں گرکر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان پائلٹ جان بحق ہوا تھا۔
سال 2015 کے فروری میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں گر کر تباہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو پائلٹ جان بحق ہوئے تھے۔