کرنال: جموں و کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے پہلگام میں منگل کو سیاحتی مقام پر جانے والے سیاحوں پر عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے دو غیر ملکی سیاحوں سمیت 26 افراد ہلاک ہو گئے۔
اس حملے میں کئی دیگر سیاح زخمی ہوئے ہیں۔یہ سیاحوں پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ مانا جا رہا ہے۔ اس حملے میں ہریانہ کے کرنال کے رہنے والے ونے نروال کی بھی موت ہوگئی۔ سی ایم سینی نے مرنے والوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ونے کی شادی صرف چھ دن پہلے ہوئی تھی:
معلومات کے مطابق اس حملے میں کرنال سے تعلق رکھنے والا بھارتی بحریہ کا ایک افسر بھی ہلاک ہو گیا۔ نوجوان کی شناخت 26 سالہ ونے نروال کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ بحریہ میں لیفٹیننٹ تھے اور کوچی، کیرالہ میں تعینات تھے۔ ان کی شادی 16 اپریل کو ہوئی جس کے بعد وہ پہلگام گھومنے کی غرض سے گئے تھے۔ اس دوران وہ عسکریت پسند حملے کا شکار ہو گئےاور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پی ٹی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق پہلگام قصبے کے قریب ایک مشہور گھاس کے میدان میں عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے 26 افراد ہلاک ہو گئے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے۔ رپورٹ کے مطابق ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ 28 ہلاک ہونے والوں میں دو غیر ملکی اور دو مقامی شہری شامل ہیں۔