جب کبھی ہندوستان کے شاہی باورچی خانوں اور ان میں تیار کیے گئے شاہی پکوانوں کا ذکر ہوتا ہے تو لکھنؤ، حیدرآباد اور رام پور ہی اس کے دائرے میں آتے ہیں۔ ہندوستان کے جنوبی حصوں کے شاہی باورچی خانوں کا ذکر شاذ و نادر ہی سننے یا پڑھنے میں آتا ہے۔
جنوبی ہند کے راجا مہاراجہ بھی شمالی ہند کے نوابوں کی طرح ہی ذائقہ دار کھانوں کے دلدادہ تھے اور ان کے شاہی باورچی خانے بھی لذیذ اور متنوع کھانوں کی تیاری میں اپنی مثال آپ تھے۔ شاہی سرپرستی اور بے تہاشا مالی وسائل نے باورچیوں کے ہنر اور مہارت کو آگے بڑھایا۔ میسور، ارکاٹ، ٹراونکور اور تنجور کے شاہی باورچی خانوں کی کہانیاں بڑی دلچسپ اور مزیدار ہیں۔
حکایت ہے کہ میسور کے شاہی محل کے خزانچی نے ایک شاندار ضیافت کا اہتمام کیا۔ باورجی سورج کی پہلی کرن کے ساتھ ہی کام میں مصروف ہوگئے۔ کھانا شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل خزانچی نے باورچی کھانے کا دورہ کیا۔ اس نے دیکھا ایک بڑی سی ٹوکری میں سبزیوں کے تراشے کچھ حصے باورچی کھانے کے ایک کونے میں رکھے ہیں۔ پوچھنے پر پتہ لگا کہ سبزیوں کے یہ حصے استعمال سے خارج ہیں اور کسی مصرف کے نہیں ہیں۔ خزانچی باورچی سے کہا میاں عقل دوڑاؤ اور ان کے استعمال کی کوئی انوکھی ترکیب نکالو۔
باورچی نے بڑے غور و فکر کے بعد ناریل کے تراشے اور دہی کے امتزاج سے گاڑھا شوربا بنایا۔ سبزیوں کے قابل استعمال حصوں کو چھوٹے چھوٹے ٹکروں میں کاٹ کر ہلکے مسالے میں ملا کر ناریل کے شوربے میں ڈال دیا۔ مرکب ہلکی آنچ پر پکنے دیا اور شام کے وقت ضیافت میں ایک نئے پکوان ک طور پر پیش کیا۔
ضیافت میں موجود مہمانوں نے بڑے شوق سے نئے پکوان کا لطف اٹھایا اور نام دریافت کیا۔ باورچی نے بلا تامل کہا ‘ایول’۔ اسی دن سے ایول شاہی دسترخوان کی زینت بنا اور آج تک جنوبی ہند کے لذیذ پکوانوں میں اس کا شمار ہوتاہے۔ ایک ہنر مند اور عقل مند باورچی کا انوکھا تجربہ۔
ٹراونکور جنوبی ہند کی مشہور ریاست ہے۔ دولت کی ریل پیل اورشوقین مزاج راجا مہاراجاؤں کی سرپرستی نے اس کے شاہی باورچی خانے کو بھی بڑی شہرت کا مالک بنا دیا۔ ٹراونکور کے شاہی پکوان مہارانی سیتو پاروتی بائی کے شوق اور لگن کا نتیجہ تھے۔
مہارانی سیتو پاورتی بائی راجا پال رام ورما کی والدہ تھیں۔ مہارانی نہ صرف عمدہ کھانوں کی شوقین تھیں بلکہ ان کی نگرانی میں پکائے گئے پکوان ہر خاص و عام سے داد و تحسین حاصل کرتے تھے۔ مہارانی کے کھانوں سے بہت سی پرانی حکایتیں بھی وابستہ تھیں اور شاہی محل کو لوگ اس سے بڑا لطف اٹھاتے تھے۔ ’وا اماں‘ مہارانی کے نام سے مشہور تھیں۔
اماں مہارانی بذات خود باورچیوں کو ہدایات دیتی تھیں اور شاہی باورچی خانے میں تیار ہونے والے ہر پکوان کی نگرانی کرتی تھیں۔ دودھ سے بنی ہر چیز شاہی باورچی خانے میں تیار ہوتی تھی۔ ان کی نگرانی میں جمائے گئے دہی کا مزا ہی کچھ اور تھا۔ ان کی مہمان نوازی بھی بے مثال تھی۔
بیسويں صدی کے موسیقار، مصور، سائنسدان، مختلف صوبوں کے سربراہ الغرض کوئی فرد ایسا نہ تھا جس نے اماں مہارانی کی ضيافتوں کا لطف نہ اٹھایا ہو۔ جس نے ان کے زیر نگرانی میں بنے کھانوں کو کھایا، اس نے بار بار اسے کھانے کی تمنا کی۔ ہر مہمان کے ساتھ ان کا رویہ یکساں ہوتا تھا چاہے اس کا تعلق دنیا کے کسی بھی حصے سے ہو۔
مزے کی بات یہ ہے کہ اماں مہارانی خود سبزی خور تھیں، گوشت، مچھلی اور مرغ سے اجتناب تھا لیکن ضیافت کی میز متنوع کھانوں سے سجی رہتی تھی۔ گوشت، مرغ اور مچھلی کے پکوان ایک الگ باورچی کھانے میں تیار ہوتے تھے۔ مہمانوں کی خاطر مدارت بہترین قسم کی شراب سے کی جاتی تھی۔ بلور کے بیش قیمت جاموں میں چھلکتی شراب، قابوں میں سجے خوشبودار پکوان ٹراونکور کی ضیافتوں کی جان تھے۔
شاہی خاندان کے لوگ سبزی خور تھے اور شراب کے بجائے صرف پانی پر اکتفا کرتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ پرانی روایتوں کے مد نظر اور اماں مہارانی کے بنائے اصولوں کے مطابق ٹراونکور میں آج بھی دو قسم کے باورچی خانے موجود ہیں۔ ایک میں جنوبی ہند کے روایتی سبزیوں کے پکوان اور دوسرے باورچی خانے میں مغربی طرز پر گوشت مچھلی اور مرغ کے پکوان تیار کیے جاتے ہیں۔
ٹراونکور کے 65 سالہ پرانے تجربہ کار باورچی کا ایک سادہ سا پکوان۔۔
گاجر کو بیچ سے چاک کرلیں اور تازہ تراشے ناریل سے بھر دیں۔ گاجر کے اوپر کے حصے کو بریڈ کرمب سے بند کر دیں۔ تیل میں فرائی کرکے میز پر پیش کریں۔ سادہ آسان اور مزیدار۔