اس میں کوئی شک نہیں کہ فلموں میں گانوں کی مقبولیت سے بھی اداکاروں کو فائدہ حاصل ہوتا ہے، تاہم اگر گلوکار یہ دعویٰ کرے کہ ان کی آواز کی وجہ سے ہوئی کوئی اداکار سپر اسٹار بنا تو تعجب ضرور ہوگا۔
بھارت کے معروف پلے بیک گلوکار 59 سالہ ابھیجیت بھتاچاریہ بھی ایسی ہی گلوکاروں میں شامل ہوتے ہیں، جن کا ماننا ہے کہ ان کی آواز کے باعث ہی اداکار سپر ہیرو بنے۔
‘توبہ تمہارے اشارے، مجھے پیار ہوا اللہ میاں، تم دل کی دھڑکن میں رہتی ہو، ذرا جھوم لوں میں، یہ تیری آںکھیں جھکی جھکی، اعتبار نہیں کرنا اور میں ہوں نا’ سمیت درجنوں کامیاب بولی وڈ فلموں کے گانوں میں آواز کا جادو جگانے والے ابھیجیت بھتاچاریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہ رخ خان ان کی بدولت ہی سپر اسٹار بنے۔
انڈیا ٹوڈے کی جانب سے منعقد کردہ کانفرنس میں بات کرتے ہوئے ابھیجیت بھتاچاریہ نے بتایا کہ دراصل ان کے گائے گئے گانوں اور پر سوز آواز کی وجہ سے ہی شاہ رخ خان سپر اسٹار بنے۔
انہوں نے حالیہ سالوں میں شاہ رخ خان کے لیے گانے نہ گانے کا سبب بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ بولی وڈ کنگ نے ان کے ساتھ ناانصافی کی، جس وجہ سے اب وہ ان کے لیے نہیں گاتے۔