امریکہ میں ایک ہندوستانی طالب علم کو ہتھکڑی لگا کر اور زمین پر گرانے کے بعد ڈپورٹ کرنے کا شرمناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ سوشل میڈیا یوزر اور اینٹرپرینیور کنال جین نے اس واقعہ کی ویڈیو اور تصویر شیئر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مظلوم طالب علم ہریانوی بول رہا تھا۔
طالب علم نے کہا کہ وہ پاگل نہیں ہے، لیکن اتھاریٹیز اسے ایسا دکھانے کی کوشش کر رہی تھی۔ جین نے لکھا، ’’میں نے دیکھا کہ ایک نوجوان ہندوستانی طالب علم کو ہتھکڑی لگی ہے جو رو رہا ہے، اس کے ساتھ مجرم کی طرح سلوک کیا جا رہا ہے۔
وہ اپنے خواب پورا کرنے آیا تھا، کسی کو نقصان پہنچانے نہیں۔ این آر آئی کے طور پر مجھے بے بسی اور دکھ محسوس ہوا۔‘‘
’لائیو ہندوستان ڈاٹ کام‘ کی خبر کے مطابق کنال جین نے کہا کہ اب ایسے معاملے عام ہو گئے ہیں، جہاں طلبا ویزا لے کر صبح امریکہ پہنچتے ہیں لیکن امیگریشن اتھاریٹیز کو اپنے آنے کی وجہ ٹھیک سے سمجھا نہیں پاتے۔
وہ شام کو مجرم کی طرح باندھ کر واپس بھیج دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہر دن 3 سے 4 ایسے معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ حال کے دنوں میں یہ تعداد بڑھی ہے۔ جین نے ہندوستانی سفارت خانہ اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کی اپیل کی ہے۔