ایران کے دینی تعلیمی مرکز حوزہ علمیہ قم کے طلباء نے بھی سی اے اے این آر سی اور این پی آر کے خلاف تہران میں احتجاجی مظاہرے کئے ہیں
ایران کے دینی تعلیم کے عالمی مرکز حوزہ علمیہ قم کے طلبا نے جمعرات کو دوسری بار تہران میں ہندوستانی سفارتخانے کے سامنے مظاہرہ کرکے ، سی اے اے، این آر سی اور این پی کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔
قم کے دینی تعلیم کے عالمی مرکز کے طلبا نے اپنے مظاہروں کے دوران ہندوستان میں سی اے اے ، این آرسی اور این پی آر کے خلاف مظاہرہ کرنے پر جامعہ ملیہ اسلامیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا نیز ملک کے مختلف علاقوں بالخصوص ریاست اتر پردیش میں مظاہرین پر پولیس کے حملے کی بھی مذمت کی ۔
قابل ذکر بات ہے کہ ۶ فروری کو ایران کے مختلف شہروں میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبا نے تہران میں ہندوستانی سفارتخانے کے سامنے اکٹھا ہو کر شہریت ترمیمی بل اور ان آر سی کے خلاف مظاہرہ کیا۔ طلبا نے ملکی آئین کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے ہندوستان میں سبھی اقوام کا برابر سے احترام کئے جانے اور ملک کی قدیمی اور خاص کنگا جمنی تہذیت کو باقی رکھنے کا مطالبہ کیا۔
سی اے اے ، این آرسی اور این پی آر کی مخالفت میں دیگر ملکوں میں مقیم ہندوستانی شہریوں نے بھی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ امریکا اور انگلینڈ سمیت مختلف مغربی ملکوں میں زیر تعلیم ہندوستانی طلبا بھی مظاہرے کرچکے ہیں۔