دبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے دو ماہ کے دورے پر روانہ ہوگئی ہے جہاں وہ دو سال قبل تاریخی ٹیسٹ سیریز کی فتح کی کامیابی کو دہرانا چاہے گی۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ہندوستانی ٹیم کی ایک تصویر ٹویٹ کی جس میں کھلاڑی پی پی ای کٹ پہنے ہوئے ہیں۔ یہ دورہ کورونا بحران کے درمیان ہورہا ہے۔
بی سی سی آئی نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھاکہ ہندوستانی ٹیم کی واپسی۔ چلو نئے طریقے اپنائیں۔ انڈین ٹیم کے بیشتر کھلاڑی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیل رہے تھے۔ اپنی ٹیموں کی مہم ختم ہونے کے بعد وہ قومی ٹیم کے لئے تیار کردہ بائیو سیکور ماحول میں چلے گئے۔
ٹیسٹ ماہر چیتشور پجارا اور دیگر معاون عملہ گذشتہ ماہ یہاں پہنچنے کے بعد قومی ٹیم کے لئے تیار کردہ بائیو سیکورماحول میں تھے۔گذشتہ ماہ ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے روہت کو کسی بھی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ۔ روہت نے آخری لیگ میچ میں واپسی کرکے سب کو حیرت میں ڈال دیا تھا اور اس کے بعد کوالیفائر اور فائنل میں کھیلے تھے۔
ہندوستان کی نمبر ون ٹیسٹ وکٹ کیپر ساہا بھی ٹیم کے دورے پر جارہے ہیں۔ وہ 3 نومبر کو اپنی آئی پی ایل ٹیم سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے تھے۔9 نومبر کو بی سی سی آئی نے نظر ثانی شدہ ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہاتھاکہ ساہا کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ہندوستانی ٹیم 27 نومبر سے تین ون ڈے، تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور چار ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز 27 نومبر سے 8 دسمبر کے درمیان سڈنی اور کینبرا میں کھیلا جائے گا۔