بنگلہ دیش میں حالیہ سیاسی بحران کے درمیان دارالحکومت ڈھاکہ میں انڈین ویزا ایپلیکیشن سینٹر (آئی وی اے سی) نے منگل سے ویزا خدمات دوبارہ شروع کردی ہیں۔
‘ڈھاکہ ٹریبیون’ کے مطابق آئی وی اے سی نے ایک پریس ریلیز میں ہر روز چند گھنٹوں کے لیے کام دوبارہ شروع کرنے کے بارے میں بتایا۔ چونکہ اس کے لیے وقت محدود ہوگا، اس لیے درخواست دہندگان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی وصولی کے لیے ایس ایم ایس کی اطلاع موصول ہونے کے بعد ہی ویزا سینٹر پہنچیں۔
دوسری طرف بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے ڈھکیشوری مندر کا دورہ کیا اور ملک کی ہندو برادری کو یقین دلایا کہ ملک میں تمام لوگوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور ان کے ساتھ مذہبی بنیادوں پر امتیاز نہیں برتا جا سکتا۔ عوام کے عقائد کو بھی بلا تفریق یقینی بنایا جائے گا۔
ملک کی سب سے بڑی اقلیتی برادری تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہوئے، جس نے جان و مال کے ساتھ ساتھ مذہبی مقامات پر بڑے پیمانے پر حملوں کی شکایت کی ہے، یونس نے کہا کہ ملک کے شہریوں کو مسلمانوں، ہندوؤں یا بدھ متوں کے طور پر نہیں بلکہ انسان کے طورپر دیکھا جانا چاہئے۔
ڈیلی سٹار کے مطابق، انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ صبر سے کام لیں اور نئی عبوری حکومت کی کارکردگی کے بارے میں فیصلے کرنے سے پہلے اس کی حمایت کریں۔ قانونی مشیر آصف اور مذہبی امور کے مشیر اے ایف ایم خالد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔