ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کوبےاوول میدان پرکھیلے گئے دوسرے ونڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو8 وکٹ سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستانی ٹیم نے تین ونڈے میچوں کی سیریزمیں 0-2 کی ناقابل تسخیربرتری حاصل کرلی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کوپہلے بلے بازی کی دعوت دے دی، جس کے بعد اس کی شروعات بے حد خراب رہی۔
نیوزی لینڈ نے پہلے 8 رن پراپنے دووکٹ گنوا دیئےاوراس کے بعد ان کی اننگ سنبھلی ہی نہیں اورمسلسل وکٹ گرنے لگے۔ اس طرح سے پوری ٹیم 44.2 اووروں میں 161 رن پرسمٹ گئی۔ اس دوران 7 بلے بازدہائی کے اعداد وشمارکونہیں چھوسکے۔ تاہم ان کی کپتان ایمی اسٹاتھ ویٹ کی تعریف کرنی ہوگی، جنہوں نےغضب کی ہمت دکھائی اوراس مشکل حالات میں سب سے زیادہ 71 رن بنائے۔ ویسے انہیں دوسری طرف سے مناسب تعاون نہیں ملا اوریہی وجہ رہی کہ اننگ سنبھل ہی نہیں پائی۔
اس ہدف کےتعاقب کوہندوستانی ٹیم نےاسمرتی مندھانا (90) اورکپتان متالی راج (62) کی نصف سنچری اننگ کی بدولت35.2 اووروں میں دووکٹ کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ ویسے مندھانا نےاس میچ میں ایک چھکا لگایا، لیکن سینئرمتالی راج نے دوچھکے لگائے اوراس دوران چھکا لگا کرجیت بھی دلادی۔ ہندوستان کے لئے جھولن گوسوامی نے سب سے زیادہ تین وکٹ لئے۔ وہیں ایکتا بشٹ، دپتی شرما اورپونم یادو کودودو کامیابی ملی۔ شکھا پانڈے نے ایک وکٹ لیا۔