بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’زیرو‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جسے جلد ہی بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔
اس رومانٹک کامیڈی فلم میں کترینہ کیف اور انوشکا شرما دوسری بار ان کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں پہلی بار شاہ رخ خان ایک بونے یعنی چھوٹے قد کے آدمی، انوشکا شرما دماغی طور پر مفلوج بن جانے والی سائنسدان اور کترینہ کیف ڈانسر اداکارہ کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔
فلم میں ان تینوں کے ٹرائی اینگل رومانس کو دکھایا جائے گا۔
اس فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان نے اس فلم کے لیے اسسٹنٹ ہدایت کارہ کی خدمات سر انجام دی ہیں۔
اگرچہ تاحال شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان اور بیٹے آرین خان نے فلمی دنیا میں انٹری نہیں دی، تاہم ان کے ڈیبیو سے پہلے ہی ان کے والد ان کے مستقبل پر کھل کر بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کا ماننا ہے کہ ان کے دونوں بچوں کو کم سے کم 3 سے 4 سال تک اداکار اور فلم پروڈکشن کی تعلیم لینی چاہیے، جس کے بعد ہی وہ اداکاری کریں۔