نئی دہلی، 14 جون (یو این آئی) سڑک ونقل وحمل کے وزیر نتن گڈکری نے صنعتی گھرانوں سے ملک کی ہمہ جہت ترقی کے لئے صنعتی شعبوں کی ترقی کے ساتھ ہی زراعت اور پچھڑے علاقوں میں ترقی کے لئے کام کرنے کی درخواست کی ہے۔
مسٹر گڈکری نے جمعہ کو یہاں ہندوستانی صنعتی تنظیم (سی آئی آئی) کی قومی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے صنعتی ترقی بہت ضروری ہے لیکن ہماری بڑی آبادی زراعت پر منحصر ہے اس لئے زرعی شعبہ میں کیسے ترقی دی جاسکتی ہے اس کے لئے بھی صنعتی گھرانوں کو کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ پچھڑے علاقوں کی ترقی بھی سب کی ذمہ داری ہے اس لئے اس طرف بھی دھیان مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش نئی تکنیک کے استعمال کر کے زیادہ سے زیادہ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے اس کےلئے ٹریننگ مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ صنعتی گھرانے اس کام میں آگے آئیں گے تو حکومت مدد کرے گی۔
حکومت ایسے تکنیکی ٹریننگ کے ادارے کھول رہی ہے جن کے ذریعہ سے روایتی تکنیک کو مستحکم کرکے لوگوں کا مہارت مہیا کیا جارہا ہے۔