کانپوردیہات: مرکزی انتخابی کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابی عمل کو بغیر رکاوٹ کے مکمل کرانے کیلئے ضلع انتظامیہ کے ذریعہ تمام کوششیں کی جارہی ہیں، اسی سلسلہ میں ضلع میں ایف ایس ٹی اور ایس ایس ٹی دستوں کے ذریعہ مسلسل نقد رقم ودیگر بیش قیمت اشیاء ونشیلی اشیاء پر سخت نگاہ رکھی جارہی ہے۔
ضلع الیکٹورل افسر آلوک سنگھ کی ہدایت کے مطابق اے ڈی ایم انتظامیہ امت کمار ، اے ڈی ایم مالیات کیشو ناتھ گپت کے ذریعہ مکتیشوری دیوی آڈیٹوریم میں اخراجات نگرانی کمیٹی کے نامزد افسر واراکین کے ساتھ جلسہ منعقد کرکے ضروری ہدایات دی گئیں۔
انہوںنے تمام ایس ایس ٹی اور ایف ایس ٹی دستوں کے اراکین کو الاٹ کئے گئے حلقوں میں سرگرم عمل رہ کر لالچ کیلئے غیر قانونی رقم ودیگر اشیاء اور اخراجات کے سلسلہ میں بدعنوانیوں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایات دی۔
انہوںنے اپنے حلقوںمیں دورہ کے دور ان پائی جانے والی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث اشخاص پر کارروائی کرنے اور دیگر غیر قانونی سرگرمیون پرروک لگائے جانے کیلئے ضروری کارروائی کی ہدایت دی۔
انہوں نے بتایاکہ ضلع انتظامیہ کا مقصد ہے کہ حقیقی تجارتی لین دین پر اس عمل سے منفی اثر نہ ہو۔اس کیلئے ضلع انتظامیہ کے ذریعہ تمام دستوں کو ہدایت دی گئی ہےکہ کارروائی کے دوران کاروباری لین دین کیلئے یا بینک میں جمع کرائے جانے کیلئے رقم پائے جانے پر کاروباری مفادات کاخیال رکھاجائے۔
کاروباری ادارے بینک میں رقم جمع کراتے وقت متعلقہ بینک اکاؤنٹ نمبر،رقم کی تفصیل ،ادارے یا فرم کانام وغیرہ کی تفصیل ضرور رکھیں،جس سے حقیقی طور پر کاروباری لین دین میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدانہ ہو۔ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ انتخابی عمل کے دوران کوئی بھی شخص اپنے لائسنسی ہتھیار کو بغیر ضلع سطحی کمیٹی کے توثیق کے ہتھیار اپنے ساتھ نہیں لے جاسکتاہے۔
انہوںنے بتایاکہ اس کیلئے ضلع سطحی کمیٹی کے احکامات کو اپنے ساتھ رکھنالازمی ہے۔انہوںنے تمام ایس ایس ٹی اور ایف ایس ٹی دستوں کے اراکین کو واضح ہدایات دی کہ اگر کوئی اشیاء ضبط کی جاتی ہے تومتعلقہ فرد کو اس کی رسید مقررہ خاکہ پر دینا ضروری ہےاورا س کی اطلاع فوری طور پر ای ایس ایم ایس پورٹل پر درج کرانا بھی یقینی بنائیں۔
انہوںنے تمام متعلقہ دستوں کے اراکین کو پبلک ایڈرس سسٹم دیتے ہوئے اپنے اپنے حلقوں میں کمیشن کے ذریعہ جاری احکامات کو پڑھے جانے کی ہدایت دی۔ تمام اراکین کو یہ بھی واقف کرایاگیا کہ کسی بھی خاتون کی جامہ تلاشی خاتون سپاہی کی موجودگی میں ہی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر اے ڈی ایم مالیات کیشوناتھ گپت،سینئر ٹریزری افسر تربھون پرساد، اسسٹنٹ الیکٹورل افسر اجیت پانڈےودیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔