لکھنؤ : پہاڑی علاقوں میں برف باری کے درمیان اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ اور آس پاس کے اضلاع میں بارش کی وجہ سے سردی بڑھ گئی ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے اتر پردیش کے بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا تھا لیکن پیر کی رات سے برفیلی ہواؤں نے لوگوں کو سر سے پاؤں تک گرم کپڑوں میں ڈھانپنے پر مجبور کر دیا ۔
لکھنؤ، کانپور، اناؤ، بارہ بنکی سمیت کئی اضلاع میں دیر رات سے ہلکی بارش جاری ہے۔
آج صبح ابر آلود آسمان اور برفیلی ہواؤں نے سردی میں اضافہ کر دیا ہے۔ تاہم، محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 23 سے 26 دسمبر کے درمیان بارش اور درجہ حرارت میں کمی کی پیش گوئی کی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور آندھی کے باعث آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کا امکان ہے۔